نئی دہلی، 6 اکتوبر (یو این آئی) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر منگل کے روز سے تین افریقی ممالک گھانا، کوٹ ڈی آئیوائر اور ایتھوپیا کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔
وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ وزیرِ خارجہ تینوں ممالک کی قیادت اور وہاں کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، تجارت، اقتصادی تعاون، ترقیاتی تعاون اور صلاحیت سازی سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ میٹنگوں میں ہندستان اور ان تینوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون سے جڑے تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں تجارت اور اقتصادی تعلقات، ترقیاتی تعاون، صلاحیت سازی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام اہم شعبوں پر گفتگو کی جائے گی۔
ڈاکٹر جے شنکر علاقائی اور عالمی سطح کے باہمی مفاد سے جڑے مسائل پر بھی متعلقہ ممالک کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کریں گے۔ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں وزیرِ خارجہ علاقائی مشن کے سربراہوں کی کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے۔ وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ افریقہ کے ساتھ ہندوستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ دورہ گلوبل ساؤتھ کے ساتھ ہندوستان کی یکجہتی کو بھی آگے بڑھائے گا۔





