سرینگر؍۲؍اکتوبر
حکمران نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی الطاف کلو اور پارٹی ترجمان اُمیش بھٹ کے خلاف جموں و کشمیر پولیس نے ایک رکن اسمبلی کے ذاتی محافظ (پی ایس او) کی شکایت پر مقدمہ درج کیا ہے۔
پی ایس او نے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری فرائض انجام دینے کے دوران اس پر حملہ کیا گیا۔ حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
حکام کے مطابق جنوبی کشمیر کے پہلگام اسمبلی حلقے سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی الطاف کلو اور نیشنل کانفرنس کے ترجمان اُمیش بھٹ، جنہیں ’تلاشی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کے خلاف رکن اسمبلی کے پی ایس او کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پی ایس او نے الزام لگایا کہ تلخ کلامی کے بعد دونوں ملزمان نے سرکاری فرائض انجام دینے کے دوران اس کے ساتھ مارپیٹ کی۔
حکام نے بتایا کہ بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات۱۲۱؍اور۳۵۱ کے تحت صدر اننت ناگ پولیس تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
شکایت کے مطابق تلخ کلامی کے بعد معاملہ مبینہ طور پر ہاتھا پائی تک پہنچ گیا، جس دوران پی ایس او کو رکن اسمبلی اور پارٹی ترجمان نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
پی ایس او نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ حملے میں اسے چوٹیں آئیں، جس کے بعد اس نے پولیس سے شکایت کی اور معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










