نئی دہلی، 24 ستمبر(یو این آئی) ہندوستان-بحرالکاہل جزائر تعاون فورم کی میٹنگ میں دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ دونوں فریقوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان بدھ کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر بات چیت ہوئی۔ میٹنگ میں قابل تجدید توانائی، موسمیاتی اقدامات، قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور صلاحیت سازی جیسے شعبوں میں مزید تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ کی صدارت وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کی۔ یہ اس تنظیم کے وزرائے خارجہ کی دوسری میٹنگ تھی۔
میٹنگ میں بحرالکاہل کے جزائری ممالک کی اعلیٰ سطحی شرکت رہی۔ اس میں سموا کے نائب وزیر اعظم و وزیر خزانہ، فجی، مارشل آئی لینڈز، پلاؤ، پاپوا نیو گنی، سولومن آئی لینڈز اور تووالو کے وزرائے خارجہ شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ ٹونگا کے وزیر خزانہ، مائکرونیشیا کی وفاقی ریاستوں کے محکمہ انصاف کے سکریٹری و اٹارنی جنرل، وانواتو کے وزیر صحت، ناؤرو کے نائب وزیر خارجہ اور پیسیفک آئی لینڈز فورم کے سکریٹری جنرل نے بھی میٹنگ میں حصہ لیا۔ میٹنگ میں سربراہ اجلاسوں کے نتائج کا جائزہ لیا گیا اور 2023 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے اعلان کردہ 12 نکاتی ایکشن پلان کے تحت ہندوستان-بحرالکاہل جزائری ممالک کے تعاون میں ہونے والی پیشرفت کا خیرمقدم کیا گیا۔
میٹنگ میں شراکت داری کو مضبوط بنانے اور علاقائی و کثیر جہتی پلیٹ فارمز پر تعاون بڑھانے کے عزم کو دہرایا گیا۔





