ہندوستان کا ’’فریجائل فائیو‘‘ معیشتوں سے نکل کر ’’ٹاپ فائیو‘‘ معیشتوں میں شامل ہونا ایک اہم پیش رفت ہے
سری نگر؍۱۷ستمبر
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کے روز کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور فلاحی اسکیموں کا مؤثر نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم مودی کی سالگرہ کے موقع پر منتخب نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران ملک نے بنیادی ڈھانچے، فلاحی اقدامات اور معاشی ترقی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
سنہا نے کہا کہ ہندوستان کا ’’فریجائل فائیو‘‘ معیشتوں سے نکل کر ’’ٹاپ فائیو‘‘ معیشتوں میں شامل ہونا ایک اہم پیش رفت ہے اور ملک نے۷ء۸فیصد کی اقتصادی شرح نمو ریکارڈ کی ہے۔
جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’بالخصوص جموں و کشمیر میں، میرا خیال ہے کہ یہ وزیرِ اعظم کی قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مختلف فلاحی اسکیموں سے ملک بھر کے لوگوں کو فائدہ پہنچا ہے، جن میں تقریباً۸۰ کروڑ افراد کو مفت غذائی اجناس کی فراہمی اور۱۱ کروڑ گھرانوں کو ایل پی جی کنکشن فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کو جموں و کشمیر میں بھی کامیابی کے ساتھ نافذ کیا گیا ہے۔
ایل جی نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اس وقت۱ء۵ لاکھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے سڑک اور سرنگوں کے منصوبے زیرِ تعمیر ہیں، جبکہ کشمیر کو ریلوے نیٹ ورک سے جوڑنے کا طویل عرصے سے زیرِ التوا خواب بھی شرمندۂ تعبیر ہوگیا ہے۔
اس سے قبل منوج سنہا نے سری نگر میں قائم چائلڈ کیئر انسٹی ٹیوشنز پلاش اور پریشا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ وزیرِ اعظم مودی کی سالگرہ منائی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وزیرِ اعظم مودی کی سالگرہ کے موقع پر منعقد کیے جانے والے ایک ماہ طویل پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں اور کہا کہ ان تقریبات کو مزید بامعنی اور دلچسپ بنایا جانا چاہیے۔
اس سے پہلے سنہا نے جمعرات کے روز سری نگر کے ’پلاش‘ اور ’پریشا‘ بچوں کے گھروں میں مقیم بچوں کے ساتھ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی سالگرہ منائی۔ انہوں نے بچوں میں اسکول بیگ، کھیلوں کی کٹس اور مٹھائیاں تقسیم کیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے فراہم کی جانے والی رہائشی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
بعد ازاں لیفٹیننٹ گورنر نے بیمینہ میں قائم چلڈرن اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ علاج کمسن مریضوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ آج سے ’’سیوا سنکلپ ابھیان‘‘ کا آغاز بھی ہوگیا ہے، جو۱۷؍ اکتوبر تک ایک ماہ تک جاری رہنے والا بے لوث خدمت کا پروگرام ہے۔ یہ مہم وزیرِ اعظم کی عوامی خدمت کے۲۵ برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے۔
بیان کے مطابق اس مہم کے دوران آئندہ ایک ماہ میں۱۲ پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن میں ’’میرے سپنوں کا بھارت‘‘ کے موضوع پر اسکولی مقابلے، آنگن واڑی اور آشا کارکنوں کی حوصلہ افزائی، شجرکاری، نوجوانوں سے متعلق سرگرمیاں اور سیوا سیتو ابھیان کے تحت رجسٹریشن کیمپ شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’۱۷؍اکتوبر تک بلاک اور وارڈ کی سطح پر ’سیوا سیتو ابھیان‘ چلایا جائے گا، جس کے تحت تین سے چار روزہ کیمپ منعقد کرکے سرکاری اسکیموں سے محروم مستحقین کا اندراج کیا جائے گا۔ میں جموں و کشمیر کے ہر شہری سے پُرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مہم میں پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے۔‘‘
ایل جی نے کہا، ’’معزز وزیرِ اعظم نے۱۴۰ کروڑ اہلِ وطن کے لیے دن رات کام کیا ہے اور ایک نئے اور مضبوط جموں و کشمیر کی تعمیر میں بھی کردار ادا کیا ہے۔ مالی سال۲۰۲۶۔۲۷ کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرحِ نمو۷ء۸ فیصد رہی۔ اگر ہم فلاح و ترقی کے دیگر اشاریوں کو دیکھیں تو۲۵ کروڑ افراد خطِ غربت سے اوپر آئے ہیں اور۸۰ کروڑ افراد کو غریب کلیان اَن یوجنا کے تحت مفت راشن فراہم کیا جارہا ہے۔‘‘
سنہا نے قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک میں ہونے والی نمایاں توسیع کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق قومی شاہراہوں کی مجموعی لمبائی۹۱ ہزار کلومیٹر سے بڑھ کر۱ء۴۶ لاکھ کلومیٹر ہوگئی ہے، جبکہ ہوائی اڈوں کی تعداد۷۴سے بڑھ کر۱۶۵ ہوگئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’کشمیر اب براہِ راست ریلوے نیٹ ورک سے منسلک ہوگیا ہے۔ امتیاز ختم کردیا گیا ہے اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے میں تاریخی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔‘‘
ایل جی نے ملک بھر میں فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ۱۱ کروڑ بیت الخلا،۱۰ کروڑ سے زیادہ گیس کنکشن اور۴ کروڑ پردھان منتری آواس یوجنا کے مکانات فراہم کیے جاچکے ہیں، جبکہ مزید۳ کروڑ مکانات زیرِ تعمیر ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’معزز وزیرِ اعظم کی رہنمائی میں جموں و کشمیر خوشحالی اور خوشی کی ایک بے مثال مثال بن کر ابھرے گا۔ میں جموں و کشمیر کے تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس خدمت کی مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔









