نیویارک، 7 ستمبر (یو این آئی) یو ایس اوپن 2026 ٹینس کے مردوں کے ڈبلز میں این سری رام بالاجی کی دوسرے راؤنڈ میں شکست کے ساتھ ہی اس سیزن کے آخری گرینڈ سلیم میں ہندستان کا سفر ختم ہو گیا۔
اتوار کو کھیلے گئے مقابلے میں دنیا کے 54ویں نمبر کے کھلاڑی بالاجی اور ان کے امریکی ساتھی ایوان کنگ (رینکنگ 53) کو 12ویں سیڈ یافتہ موناکو کے ہیوگو نیس اور فرانس کے ایڈوارڈ روزر-واسلین کی جوڑی نے ایک گھنٹے 28 منٹ میں 6-4، 7-5 سے ہرا دیا۔ بالاجی اور کنگ کی سروس آٹھویں گیم میں ٹوٹی اور وہ واپسی نہیں کر پائے، جس سے 12ویں سیڈ یافتہ جوڑی نے پہلا سیٹ 6-4 سے جیت لیا۔ دوسرا سیٹ کافی سخت مقابلے والا رہا۔ فیصلہ کن موڑ 11ویں گیم میں آیا جب 12ویں سیڈ یافتہ جوڑی نے بالاجی اور کنگ کی سروس توڑ کر 6-5 کی برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد نیس اور روزر-واسلین نے اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے میچ جیتا اور اگلے راؤنڈ میں اپنی جگہ پکی کی۔
بالاجی اور کنگ نے پہلے راؤنڈ میں شاندار واپسی کی تھی۔ انہوں نے چھ میچ پوائنٹ بچاتے ہوئے ڈچ جوڑی سینڈر ارینڈز اور ڈیوڈ پیل کو دو گھنٹے 56 منٹ میں 3-6، 7(9)-6(7)، 7(12)-6(10) سے ہرا دیا تھا۔ دوسرے راؤنڈ میں پہنچنا یو ایس اوپن میں بالاجی کی اب تک کی بہترین کارکردگی رہی۔ وہ 2024 میں بھی ارجنٹینا کے گوئیڈو آندریوزی کے ساتھ اسی اسٹیج تک پہنچے تھے۔
مردوں کے ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں یوکی بھامبری، انیرودھ چندر شیکھر اور نکی پوناچا کے باہر ہونے کے بعد، سینئر ڈرا میں بچے واحد ہندستانی ٹینس کھلاڑی بالاجی ہی تھے۔ یو ایس اوپن 2026 میں سنگلز کے مین ڈرا یا مکسڈ ڈبلز میں ہندستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں تھا۔




