چنڈی گڑھ، 29 اگست (یو این آئی) راؤنڈ گلاس گولف اکیڈمی (آر جی جی اے) کی کھلاڑیوں نے اپنے گھریلو میدان پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی جی یو چنڈی گڑھ لیڈیز اینڈ جونیئر گرلز گالف چیمپئن شپ 2026 میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ 25 سے 28 اگست تک چنڈی گڑھ گولف کلب میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں گنتاس کور سندھو نے مجموعی چیمپئن کا خطاب اپنے نام کیا۔
گنتاس کور سندھو نے لیڈیز، کیٹیگری اے اور کیٹیگری بی ڈویژن کے مجموعی اعزازات بھی جیتے، جبکہ کمبائنڈ اے اور بی گرلز کیٹیگری میں بھی کامیابی حاصل کی۔ 54 ہول کے مقابلے میں انہوں نے 74، 70 اور 73 اسکور کرتے ہوئے مجموعی طور پر 217 اسکور بنایا اور اپنے قریبی حریف سے پانچ اسٹروک کی برتری کے ساتھ ٹورنامنٹ جیت لیا۔
اکیڈمی کی اوجسوینی سارَسوت نے بھی عمدہ مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیٹیگری بی گرلز کا خطاب جیتا۔ انہوں نے 75، 74 اور 74 کے اسکور کے ساتھ مجموعی طور پر 223 اسکور بنایا اور کمبائنڈ اے اور بی کیٹیگری میں گنتاس کے بعد دوسرے نمبر پر رہیں۔
رباب کاہلون نے بھی راؤنڈ گلاس گولف اکیڈمی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے کیٹیگری بی گرلز میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے 76، 77 اور 77 کے راؤنڈز کے ساتھ مجموعی طور پر 230 اسکور کیا۔
اکیڈمی نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی کامیابی اس کے اعلیٰ معیار کے تربیتی نظام کا ثبوت ہے۔ چنڈی گڑھ گولف کلب میں قائم اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو ہندوستاقن کے سرکردہ پیشہ ور گولفر اور برانڈ سفیر شبھنکر شرما کی رہنمائی بھی حاصل ہے۔





