نئی دہلی، 27 اگست (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان پردیپ بھنڈاری نے پنجاب حکومت پر خاتون ملازمین سے جھوٹ بولنے، ریاست کے خزانے کو لوٹنے اور ہر شہری کو قرض میں ڈبونے کا الزام لگایا ہے۔
مسٹر بھنڈاری نے جمعرات کے روز نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال پر شدید حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تین لاکھ سے زیادہ سرکاری ملازمین الگ الگ جگہوں پر دھرنا و مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان ملازمین میں تقریباً 35 فیصد خواتین بھی ہیں۔ اب وہ کہہ رہی ہیں کہ عآپ کی بدعنوان حکومت نے ہم سے جھوٹ بولا۔
انہوں نے کہا کہ عآپ نے سرکاری ملازمین کو 18 فیصد مہنگائی بھتہ (ڈی اے) دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ابھی تک نہیں دے پائی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر مان اور مسٹر کیجریوال مل کر پنجاب کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عآپ نے جیسے دہلی کو لوٹا تھا، ویسے ہی پنجاب کو لوٹ رہی ہے۔
مسٹر بھنڈاری نے کہا کہ عآپ نے دہلی میں ‘شیش محل’ بنایا اور رہنماؤں کو فائدہ پہنچایا، لیکن عام لوگوں کو نہیں۔ وہی ماڈل اب پنجاب میں بھی نافذ کر رہے ہیں اور بدعنوانی میں بری طرح ملوث ہیں، جس کی وجہ سے ملازمین کو ڈی اے نہیں مل رہا ہے۔ پنجاب کی بدعنوان حکومت نے ریاست کے ہر شخص کو قرض میں ڈبو دیا ہے۔ پنجاب کے ہر شخص پر 1.23 لاکھ روپے کا قرض ہے۔









