نیویارک، 25 اگست (یو این آئی) اے ٹی پی رینکنگ میں 26ویں نمبر کے برازیلی ٹینس کھلاڑی جواؤ فونسیکا نے پیٹ میں چوٹ کے باعث یو ایس اوپن سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سنسناٹی اوپن میں ابتدائی میچ جیتا تھا، لیکن تیسرے راؤنڈ سے قبل ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
فونسیکا نے انسٹاگرام پر کہا کہ طبی معائنے اور علاج شروع کرنے کے بعد انہیں اور ان کی ٹیم کو محسوس ہوا کہ مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے، اس لیے وہ یو ایس اوپن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا کیونکہ یو ایس اوپن ان کے لیے خاص ٹورنامنٹ ہے۔
فونسیکا نے گزشتہ سال یو ایس اوپن کے مین ڈرا میں ڈیبیو کیا تھا۔ اس سال انہوں نے فرنچ اوپن میں اپنا پہلا گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل بھی کھیلا۔ رواں سیزن میں ان کا ریکارڈ 19-13 ہے۔










