لہہ، ۲۴ اگست
پولیس نے لداخ کے ضلع درّاس میں نیشنل کانفرنس (این سی) کے ایک سینئر رہنما کے خلاف چند روز قبل بی جے پی کے خلاف مبینہ طور پر ’’توہین آمیز اور اشتعال انگیز‘‘ بیان دینے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
شکایت کنندہ اور بی جے پی کے درّاس ضلع صدر فیاض احمد قاری نے الزام عائد کیا کہ این سی کے علاقائی نائب صدر غلام رسول ناگوی نے ۲۱ اگست کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کو ایک ’’مذہب‘‘ قرار دیا اور اس کے کارکنوں کو ’’یزیدی قوم‘‘ سے تعبیر کیا۔
حکام کے مطابق، شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ مذکورہ بیانات اشتعال انگیز نوعیت کے تھے اور لداخ میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی امن اور امن و قانون کی صورتحال کو متاثر کر سکتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے پریس کانفرنس کی ویڈیو کلپس بھی ثبوت کے طور پر پیش کیں اور ملزم کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے معاملہ تحقیقات کے لیے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔
پولیس اسٹیشن درّاس میں درج ایف آئی آر کے مطابق، یہ مقدمہ ۲۲ اگست کو بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات ۱۹۶، ۳۵۲، ۳۵۳ اور ۲۹۹ کے تحت درج کیا گیا۔ یہ دفعات مبینہ نفرت انگیز تقریر، عوامی اشتعال انگیزی اور مذہب کے خلاف بدنیتی پر مبنی توہین سے متعلق معاملات میں عائد کی جاتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔
ایجنسیاں









