ممبئی، 20 اگست (یو این آئی) ممبئی کے آئی ٹی سی مراٹھا شیراٹن میں ایشین جونیئر اوپن اینڈ گرلز کلاسیکل شطرنج چیمپئن شپ 2026 کا آغاز ہوگیا، جہاں نو راؤنڈ پر مشتمل مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں زیادہ تر ٹاپ سیڈ کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ہندوستان کے سپر گرینڈ ماسٹر وِدت گجراتی نے کلاسیکل چیمپئن شپ کا افتتاح کیا اور پہلے راؤنڈ سے قبل پہلی چال بھی چلی۔ ایک روز قبل ہی حکومت ہند نے انہیں ارجن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر منتظمین اور شطرنج شائقین نے انہیں مبارکباد دی۔
اوپن سیکشن میں ٹاپ سیڈ آئی ایم میانک چکرورتی نے آسان کامیابی حاصل کی، جبکہ آئی ایم وگنیش ادویت ویمولا کو نِمی بھانوشالی اور قازقستان کے ایف ایم اَخلبے ایمانگالی کو رِشان جین نے ڈرا پر روک دیا۔
گرلز سیکشن میں ڈبلیو ایف ایم سوارا لکشمی ایس نائر کو وکچیری موہیتھا نے ڈرا پر محدود کیا، جبکہ آدیا گوڑا نے ڈبلیو ایف ایم مرتیکا ملک کو شکست دی۔ ازبکستان کی لیلیا بیلیا نے بھی ہندوستان کی آرچیتا اگروال کو ہرا کر اپ سیٹ کیا۔
اوپن چیمپئن شپ میں نو فیڈریشنز کے 85 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں چھ انٹرنیشنل ماسٹر اور 11 فیڈے ماسٹر شامل ہیں۔ ٹاپ سیڈ میانک چکرورتی کی ریٹنگ 2500 ہے۔





