نئی دہلی، 15 اگست (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہفتے کے روز کہا کہ ہندوستان آنے والے سال میں مہاشکتی بننے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس ترقیاتی سفر میں ملک کے نوجوانوں کا کردار اہم ہو گا۔
مسٹر برلا نے ہفتے کے روز کہا کہ یہ دن ان بے شمار بہادروں اور مجاہدینِ آزادی کو یاد کرنے کا موقع ہے، جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدینِ آزادی کا بے مثال حوصلہ، قربانی اور حب الوطنی ملک کے لیے سب سے بڑی تحریک ہیں۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے لال قلعے کی فصیل سے ‘شکتی کی سپت دھارا’ کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو آنے والے سالوں میں مہا طاقت بنانے کے لیے مینوفیکچرنگ پاور، زراعت و فوڈ پروسیسنگ، ٹیکنالوجی و انوویشن، گتی شکتی، دفاعی طاقت، گرین و بلیو اکانومی اور سافٹ پاور پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
مسٹر برلا نے کہا کہ ان شعبوں میں صلاحیت بڑھا کر ہندوستان عالمی سطح پر اپنے کردار کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پیش رفت اور ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار رہے گا اور ان کی صلاحیت، توانائی اور اختراع ہندوستان کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم تعاون دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو ترنگے کی آن، بان اور شان کو ہمیشہ بلند رکھنے کے عزم کو اپنے دل میں مزید مضبوط کرنا چاہیے۔










