نئی دہلی، 10 اگست ( یواین آئی ) کانگریس جنرل سکریٹری اور لوک سبھا رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے قومی دارالحکومت میں احتجاج کر رہے طالب علموں کے خلاف مبینہ پولیس بربریت اور پیلٹ گن کے استعمال پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ کو اس معاملے پر ایوان کے فلور پر بیان دینے کے لیے ہدایت دی جائے۔
مسٹر وینوگوپال نے خط میں کہا کہ دہلی میں اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کر رہے طالب علموں اور نوجوانوں کے خلاف پولیس کے ذریعے طاقت کے استعمال اور پیلٹ گن چلائے جانے کی خبریں انتہائی تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس براہ راست مرکزی وزارت داخلہ کے تحت آتی ہے، اس لیے ان واقعات کی آخری ذمہ داری وزیر داخلہ کی ہے۔
کانگریس لیڈر نے آئین کی دفعہ 77 اور 75(3) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزارتی کونسل لوک سبھا کے تئیں اجتماعی طور پر جوابدہ ہے۔ ایسے میں وزیر داخلہ کی یہ آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان میں آکر پولیس کارروائی پر وضاحت دیں۔ مسٹر وینوگوپال نے لوک سبھا اسپیکر سے اپنے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزیر داخلہ شاہ کو فوری طور پر ایوان میں حاضر ہونے اور طالب علموں کے خلاف پولیس کارروائی اور پیلٹ گن کے استعمال پر تفصیلی بیان دینے کے لیے ہدایت دینے کی گزارش کی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں انتظامیہ کی جوابدہی یقینی بنانا جمہوری نظام کی بنیادی روح ہے۔









