نئی دہلی، 7 جولائی (یو این آئی) ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے بہترین کھلاڑی سنجو سیمسن کو زمبابوے کے خلاف تین ٹی20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر جاری قیاس آرائیوں کے درمیان معلوم ہوا ہے کہ انہیں نہ تو ڈراپ کیا گیا ہے، نہ آرام دیا گیا ہے اور نہ ہی وہ زخمی ہیں۔
بی سی سی آئی نے پیر کو 15 رکنی ٹیم کا اعلان کرتے وقت اس فیصلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی تھی، تاہم کریک انفو کے مطابق اجیت اگرکر کی سربراہی والی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے دورے کو نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کی سیریز قرار دیتے ہوئے سیمسن کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق چونکہ سنجو سیمسن کو ستمبر میں جاپان میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں کے لیے ہندوستانی اسکواڈ میں پہلے ہی شامل کیا جا چکا ہے، اس لیے سلیکٹروں نے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز پربھسمرن سنگھ کو موقع دینے کا فیصلہ کیا، جنہوں نے خاص طور پر گزشتہ دو آئی پی ایل سیزن میں پنجاب کنگز کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
پربھسمرن، جنہوں نے جون میں سری لنکا میں منعقدہ سہ فریقی سیریز میں انڈیا اے کی نمائندگی کی تھی، زمبابوے کے خلاف اسکواڈ میں ایشان کشن کے بعد دوسرے وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔
سیمسن کی عدم شمولیت پر اس لیے بھی بحث چھڑ گئی کیونکہ انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ میں تیسری سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کی حیثیت سے نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔ اس کے بعد آئی پی ایل 2026 میں وہ چنئی سپر کنگز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے اور دو سنچریاں بھی اسکور کیں۔
اگرچہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں پر سیمسن صرف 5، صفر اور ایک رن بنا سکے تھے، جس کے بعد مانچسٹر میں دوسرے ٹی20 میچ سے انہیں باہر کر کے 15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی کو بین الاقوامی ڈیبیو کا موقع دیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق یہی خراب فارم زمبابوے کے دورے سے ان کی عدم شمولیت کی وجہ نہیں بنی۔
یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ سلیکٹروں نے اپنے فیصلے سے قبل سنجو سیمسن سے کوئی بات چیت کی یا نہیں۔
یہ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد دوسرا موقع ہے جب ہندوستانی سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر سوالات اٹھے ہیں۔ اس سے قبل سوریا کمار یادو کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا، حالانکہ انہی کی قیادت میں ہندوستان نے مسلسل دوسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ان کی جگہ شریاس ایئر کو کپتان مقرر کیا گیا، جنہوں نے پنجاب کنگز کی قیادت کرتے ہوئے مسلسل دو آئی پی ایل سیزن میں متاثر کن کارکردگی پیش کی تھی۔
زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز 23، 25 اور 26 جولائی کو ہرارے میں کھیلی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق اس دورے اور ایشیائی کھیلوں کے دوران وی وی ایس لکشمن ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ ہندوستانی ٹیم کا مستقل کوچنگ اسٹاف اگست میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور ستمبر۔اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف وائٹ بال سیریز کی تیاریوں میں مصروف رہے گا۔









