ایجنسیاں
نئی دہلی؍۲جولائی
انڈین انفارمیشن سروس (آئی آئی ایس) کے ایک جونیئر ایڈمنسٹریٹو گریڈ (جے اے جی) افسر طارق احمد راتھر نے وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات، نئی دہلی میں واقع ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر (میڈیا اینڈ کمیونیکیشن) اور چیف آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے طور پر چارج سنبھال لیا ہے۔
محکمہ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے سکریٹری، سدھانش پنت، جوائنٹ سکریٹری مونیکا پی دکاٹے، ڈائریکٹر نریندر وششٹ اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ طارق راتھر کا وزارت میں خیرمقدم کیا۔
ایک خصوصی میٹنگ کے دوران، سکریٹری نے وزارت کے میڈیا ڈویژن کی اس ضرورت پر زور دیا کہ وہ ایک مضبوط، موثر، اور نتائج پر مبنی میڈیا ایکشن پلان کو آگے بڑھائے جس کا مقصد مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیموں، پروگراموں، اقدامات اور پالیسیوں کو پرنٹ، الیکٹرانک نیز روایتی، سماجی اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام تک پہنچانا ہے۔
طارق راتھر نے وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے۹ جون۲۰۲۶کو جاری کردہ ایک حکم نامے کے تحت اپنے تبادلے کے بعد وزارت میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اپنی نئی ذمہ داری سے قبل، انہوں نے چار نومبر۲۰۲۴ سے۲۰۲۶جون تک آکاشوانی کے سرینگر یونٹ میں ڈائرکٹر نیوز کے طور خدمات انجام دیں۔
آکاشوانی سرینگر میں اپنے تقریباً۲۰ ماہ کی خدمات کے دوران طارق راتھر نے جدید نشریاتی معیارات اور عوامی خدمات کے مقاصد کے ساتھ منسلک کئی کلیدی اصلاحات متعارف کروائیں۔ ان کے قابل ذکر اقدامات میں سے روزانہ۱۰ منٹ کے اضافی اردو نیوز بلیٹن کا آغاز تھا، جو کہ۳:۵۰بجے نشر ہوتا ہے، جس سے یونٹ کی خبروں کی تیاری اور ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے علاقائی نیوز یونٹ کے اندر پیشہ ورانہ مہارت، شفافیت، انصاف پسندی اور جوابدہی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے کئی کلیدی بنیادی ڈھانچوں اور آپریشنل سہولیات کے قیام میں اہم کردار ادا کیا جس سے نیوز سیکشن کی مجموعی کارکردگی میں مثبت تبدیلیاں وقوع پزیر ہوئیں۔
اپنے کریئر کے دوران طارق راتھر نے وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت مختلف اداروں میں خدمات انجام دی ہیں، جن پریس انفارمیشن بیورو میں سنٹرل بیورو آف کمیونیکیشن (سابقہ ڈائریکٹوریٹ آف فیلڈ پبلسٹی)، آکاشوانی اور دوردرشن کیندر شامل ہیں۔ سرینگر سے تعلق رکھنے والے طارق راتھر نے جموں و کشمیر اور دیگر ریاستون میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
راتھر ایک باصلاحیت میڈیا پروفیشنل ہیں جنہیں کئی بار ملکی اور بین الاقوامی تقریبات اور وی وی آئی پی وزٹس کی کوریج پر مامور کیا گیا جن میں صدر جمہوریہ کے بیرون ملک دورے کی کوریج بھی شامل ہے۔ انہوں نے متعدد قومی ایڈیٹرز کانفرنسوں اور فلم فیسٹولز میں بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیوں کا لوہا منوایا ہے جس کا اعتراف پریس انفارمیشن بیورو کے اعلی ترین افسران نے کیا ہے۔
طارق راتھر نے دوسال قبل جموں و کشمیر کے ایک میڈیا وفد کو دورہ حیدر آباد پر لایا تھا جس کے دوران انہوں نے رامو جی فلم سٹی اور ای ٹی وی بھارت ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔










