نئی دہلی، 20 جون (یواین آئی) نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت مختلف لیڈران نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی ہے اور ان کی درازیٔ عمر، صحت اور خوشحال زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر رادھا کرشنن نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صدر مرمو کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، "صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو دل کی گہرائیوں سے یومِ پیدائش کی مبارکباد۔ صدر مرمو جی نے ہمیشہ محروم طبقات کے حقوق کی وکالت کی ہے اور خود کو قوم کی خدمت کے لیے وقف کیا ہے۔ جامع ترقی اور سماجی بہبود کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی ملک بھر کے لوگوں کو متاثر کرتی رہتی ہے۔”
انہوں نے کہا، "سادگی، انکساری اور عوامی خدمت کے لیے غیرمتزلزل وابستگی سے بھرپور ان کی زندگی اور عوامی سفر ملک کے بے شمار افراد کو متاثر کرتا ہے۔ میں ان کی طویل، صحت مند اور خوشگوار زندگی کے لیے دعا گو ہوں تاکہ وہ قوم کی خدمت میں اپنا تعاون دیتی رہیں۔”
دریں اثنا، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایکس پر لکھا: "صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو یومِ پیدائش کی دل سے مبارکباد۔ جرات، سادگی، انکساری اور عوامی خدمت کے لیے غیرمتزلزل عزم سے بھرے ان کی زندگی کا سفر ملک بھر کے لوگوں کے لیے ہمیشہ باعثِ ترغیب رہا ہے۔”
انہوں نے کہا: "عوامی زندگی میں اپنی طویل مدت کار کے دوران انہوں نے ملک کی بہترین انداز میں خدمت کی ہے اور خاص طور پر محروم اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے خود کو وقف رکھا ہے۔ ہندستان کی ترقی کے لیے ان کا غیرمتزلزل عزم انتہائی متاثر کن ہے۔ ایشور انہیں ملک کی خدمت کے لیے طویل اور صحت مند زندگی عطا کرے۔ میں آج اڈیشہ میں ہونے والی تقریب میں ان سے ملاقات کا منتظر ہوں۔”
وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی محترمہ مرمو کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ایکس پر لکھا، "صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو یومِ پیدائش کی دلی مبارکباد۔ انہوں نے اپنی زندگی سماج کی خدمت اور عوام کو بااختیار بنانے کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ جامع ترقی، سماجی انصاف اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی بصیرت اور وابستگی عوامی خدمت کے حقیقی جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔” قوم کی خدمت میں ان کی اچھی صحت، خوشی اور طویل عمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔










