ایجنسیز
بڈگام؍۱۵مئی
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے میں حیات پورہ مین لنک کے قریب جمعہ کو پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک نوجوان موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
متوفی کی شناخت ہارث مجید ساکن گنڈی پورہ، بیروہ کے طور پر ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل بے قابو ہوگئی، جس کے نتیجے میں سوار شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے زخمی نوجوان کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال (ایس ڈی ایچ) بیروہ منتقل کیا۔
تاہم اسپتال میں موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔نوجوان کی موت کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔










