ایجنسیز
جموں؍۱۱مئی
جموں کشمیر کے ضلع سانبہ میں تیز آندھی اور شدید طوفان کے دوران بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کا ایک موبائل ٹاور مکان پر گر گیا، تاہم خوش قسمتی سے خاندان کے تمام افراد محفوظ رہے۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پانگدور گاؤں میں پیش آیا، جہاں تیز ہواؤں، شدید گرج چمک اور بارش نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔
انہوں نے بتایا کہ بی ایس این ایل کا ٹاور بنارسی داس کے مکان پر گر گیا جس کے نتیجے میں گھر کو نقصان پہنچا۔ مکان کے دو کمرے متاثر ہوئے جبکہ قریبی ٹین شیڈز اور سولر پینلز بھی تباہ ہو گئے۔
ایک سرکاری افسر نے کہا’’رات کے وقت شدید طوفان اور تیز ہوائیں چلیں۔ موبائل ٹاور مکمل طور پر ان کے مکان پر آ گرا جس سے دو کمروں کو نقصان پہنچا‘‘۔
خوفناک واقعے کو یاد کرتے ہوئے بنارسی داس نے بتایا کہ رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے وہ جاگ رہے تھے کہ اچانک شدید گرج چمک اور بارش کے درمیان ایک زوردار دھماکے جیسی آواز سنائی دی۔
انہوں نے کہا’’آواز اتنی خوفناک تھی کہ پہلے ہمیں سمجھ ہی نہیں آیا کہ کیا گرا ہے۔ میں نے فوراً بچوں سے کہا کہ وہ گھر کے اندر ہی رہیں اور باہر نہ نکلیں’’۔
داس نے بتایا کہ جب بارش کچھ کم ہوئی تو خاندان باہر نکلا اور دیکھا کہ ٹاور ان کے مکان پر گرا ہوا ہے۔انہوں نے کہا’’ہمارے دو کمرے تباہ ہو گئے، اگرچہ ایک طرف کے شیڈ محفوظ رہے۔ خدا کا شکر ہے کہ اس وقت کوئی بھی ان کمروں میں موجود نہیں تھا، ورنہ یہ ایک بڑا سانحہ بن سکتا تھا‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا طوفان اور گرج چمک اس علاقے میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، جبکہ واقعے کے بعد تقریباً ۱۱گھنٹوں تک بجلی بھی معطل رہی۔
داس نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کے تباہ شدہ مکان کی دوبارہ تعمیر کے لیے مدد فراہم کی جائے۔
خاندان کے مطابق یہ ٹاور بی ایس این ایل کا تھا جو سنہ۲۰۱۲میں نصب کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد بی ایس این ایل حکام نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔حکام نے بتایا کہ مکان اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
خاندان کا کہنا تھا کہ وہ خوش قسمت رہے کہ ٹاور مکان کے اس حصے پر نہیں گرا جہاں اہل خانہ سو رہے تھے، ورنہ ایک بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا۔










