انڈیانا //
امریکا میں ایک اور شاپنگ مال میں ایک حملہ آور نے گولیوں کی بوچھاڑ کر کے 3 افراد کو ہلاک کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گرین ووڈ پولیس چیف جم آئسن نے بتایا کہ اتوار کو انڈیانا پولس کے باہر ایک شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ میں ایک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک کر دیا۔
حملہ آور کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی بھی ہوئے، مال میں موجود شہری نے حملہ آور کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ملزم اکیلا ہی تھا اور اس نے شاپنگ مال میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی تھی، پولیس نے تاحال ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی، خیال رہے کہ امریکا میں حالیہ دنوں فائرنگ کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پولیس چیف آئسن نے میڈیا کو بتایا کہ آج کے دن کا اصل ہیرو وہ 22 سالہ شہری ہے جو اپنے قانونی اسلحے کی مدد سے فوڈ کورٹ میں شوٹر کو ابتدا ہی میں روکنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
انھوں نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے ایک مشکوک بیگ بھی برآمد کیا ہے، جو فوڈ کورٹ کے قریب باتھ روم میں مشکوک حالت میں پڑا تھا۔
متاثرین میں ایک مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، جن میں ایک 12 سالہ لڑکی بھی ہے جس کے والدین گولی لگنے کے بعد اسے معمولی زخموں کے ساتھ اسپتال لے کر گئے تھے، پولیس چیف کے مطابق دوسرے زخمی کو بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
میئر مارک مائرز نے اپنے بیان میں متاثرین کے لیے دعا کی درخواست کی، اور کہا یہ حملہ ہمارے معاشرے کے قلب پر ایک وار کی طرح ہے۔