مسٹر مودی کل ہی واؤ-تھارد میں 20,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، ان کا افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ منصوبے بجلی، ریلوے، سڑک کی نقل و حمل اور شاہراہوں، صحت، شہری ترقی، قبائلی ترقی اور دیہی ترقی سمیت اہم شعبوں احاطہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم 5,100 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر شدہ احمد آباد-دھولیرا ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔ یہ ایکسپریس وے علاقائی رابطوں کو بہتر بنائے گا، دھولیرا اسپیشل انویسٹمنٹ ریجن میں صنعتی ترقی کو فروغ دے گا اور اقتصادی ترقی کو تیز کرے گا۔ وہ پختہ شولڈر والی چار لین کی ایدر-بڈولی بائی پاس سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مزید برآں، وہ این ایچ ۔754کے ، کے دھولاویرا-موانا-واؤوا-سنتال پور سیکشن (پیکیج-2) کو دو لین کی پختہ شولڈر والی سڑک میں اپ گریڈ کرنے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ان منصوبوں سے ہائی وے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوطی ملے گی، دھولاویرا جیسے سیاحتی مقامات سمیت اہم علاقوں سے رابطہ بہتر ہوگا، لاجسٹکس کی کارکردگی بڑھے گی اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم گاندھی نگر-کوبا-ایئرپورٹ روڈ پر بھائی جی پورہ جنکشن پر بننے والے فلائی اوور سمیت کئی اہم سڑک کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس فلائی اوور سے ٹریفک کے اژدھام میں کمی آئے گی اور اس کے نیچے منظم پارکنگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ گاندھی نگر-کوبا-آروڈروم روڈ پر واقع پی ڈی پی یو جنکشن پر بھی فلائی اوور کا افتتاح کیا جائے گا۔ گاندھی نگر کو ایئرپورٹ سے جوڑنے والی اس سڑک پر روزانہ 140,000 سے زائد گاڑیاں چلتی ہیں۔ یہ فلائی اوور احمد آباد اور گاندھی نگر کے درمیان سی ایچ ۔0 جنکشن سے ایئرپورٹ تک ہموار اور بلا تعطل ٹریفک کو یقینی بنائے گا۔
مسٹر مودی کھاوڑا پولنگ اسٹیشن-2 اور اس سے منسلک 4.5 گیگا واٹ قابل تجدید توانائی کی منتقلی کے لیے متعلقہ ٹرانسمیشن سسٹم سمیت بجلی کی ترسیل کے بڑے منصوبوں کا افتتاح کریں گے، جن کی کل لاگت تقریباً 3,650 کروڑ روپے ہے۔ یہ منصوبے قابل تجدید توانائی کے انضمام اور ترسیل کی صلاحیت کو مضبوط کریں گے۔
ریلوے کے شعبے میں، وزیراعظم کنالس-جام نگر ڈبلنگ پروجیکٹ (28 کلومیٹر)، راجکوٹ-کنالس ڈبلنگ پروجیکٹ کا ایک حصہ (111.20 کلومیٹر)، اور گاندھی دھام-آدی پور سیکشن (10.69 کلومیٹر) کی چار گنا توسیع کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ ان منصوبوں سے ریل کی گنجائش میں اضافہ ہوگا، ہجوم کم ہوگا، آپریشنل کارکردگی میں بہتری آئے گی اور مسافروں و مال برداری کی نقل و حمل تیز ہوگی۔
وزیراعظم ہمت نگر-کھیڑ برہما گیج کی تبدیلی کے منصوبے (54.83 کلومیٹر) کا بھی افتتاح کریں گے، جس سے خطے میں ریل رابطے اور مسافروں کی آمد و رفت میں بہتری آئے گی۔ وہ کھیڑ برہما-ہمت نگر-اسروا ٹرین سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ بھی کریں گے۔








