فٹ بال سیف انڈر 20 : بنگلہ دیش کے چیلنج کے لیے ہندوستان تیارمالے (مالدیپ)، 27 مارچ (یو این آئی): ہندوستانی انڈر-20 ٹیم پاکستان پر شاندار جیت کے بعد اب ‘سیف انڈر-20 چیمپئن شپ’ کے اپنے آخری گروپ-بی مقابلے میں بنگلہ دیش کے چیلنج کے لیے تیار ہے۔ یہ میچ ہفتہ، 28 مارچ کو مالے کے نیشنل فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز ہندوستانی وقت کے مطابق شام 4:15 بجے ہوگا۔
ہندوستان پہلے ہی سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر چکا ہے، لیکن یہ مقابلہ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لحاظ سے اہم ہے۔ ہندوستان کو ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے صرف ایک ڈرا کی ضرورت ہے، جبکہ بنگلہ دیش کو جیت درکار ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مہیش گاولی نے پاکستان کے خلاف کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "وہ ایک اچھا میچ تھا۔ ہم نے دوسرے ہاف میں بہتر کھیل دکھایا اور میچ کو کنٹرول کیا۔ ڈیفنس میں ہم منظم تھے اور ہمارے گول کیپر نے شاندار مظاہرہ کیا۔ اب ہماری توجہ اگلے قدم پر ہے، ہم کسی بھی ٹیم کو کمزور تصور نہیں کرتے ۔”
اگرچہ ہندوستان نے پچھلا مقابلہ بڑے فرق سے جیتا، لیکن پہلے ہاف میں کچھ ایسے مواقع آئے جہاں ٹیم کو دفاعی طور پر چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے کچھ مواقع بنائے تھے، جہاں گول کیپر سورج سنگھ کو اہم بچاؤ کرنے پڑے۔ دوسری جانب، بنگلہ دیش بھی پاکستان کے خلاف جیت کے بعد اعتماد سے پُر ہے اور وہ 2025 سیف انڈر-19 چیمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان سے ملنے والی ہار کا بدلہ لینے کی کوشش کرے گا۔
بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ مارک کاکس نے ٹیم کی تیاریوں پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے کہا، "ہم نے دو ہفتوں تک اچھی تیاری کی ہے اور ٹیم کے درمیان تال میل بھی مضبوط ہوا ہے۔ لیکن ہمیں محتاط رہنا ہوگا کیونکہ فٹ بال میں کسی بھی وقت حالات بدل سکتے ہیں۔ ہندوستان ہمیشہ ایک مضبوط ٹیم رہی ہے۔”









