نئی دہلی، 07 مارچ (یواین آئی) گجرات کے احمد آباد میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کے پیش نظر ہوائی کرایوں میں زبردست اضافے اور ٹکٹوں کی کمی کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی ریلوے نے کرکٹ شائقین کی سہولت کے لیے نئی دہلی سے سابر متی تک ایک خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق اسپیشل ٹرین (نمبر 04062) ہفتہ کی رات 11:45 بجے نئی دہلی سے روانہ ہوگی اور اتوار کو دوپہر 2:30 بجے سابر متی پہنچے گی۔ یہ ٹرین دہلی کینٹ، گروگرام اور جے پور میں رکے گی۔ 19 کوچوں پر مشتمل اس ٹرین میں سیکنڈ اور تھرڈ کلاس کے ایئر کنڈیشنڈ کوچ شامل ہوں گے۔
ریلوے نے کہا ہے کہ میچ سے پہلے احمد آباد جانے کی بھاری مانگ کو دیکھتے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ادھر ایئر انڈیا ایکسپریس اور اکاسا ایئر نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ 8 مارچ کو ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کے لیے احمد آباد کے لیے خصوصی پروازیں چلائیں گی۔
اکاسا ایئر نے کرکٹ شائقین کی سہولت کے لیے 8 اور 9 مارچ کو ممبئی اور احمد آباد کے درمیان میچ کے دن خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس نے دہلی، بنگلورو، ممبئی اور حیدر آباد سے احمد آباد کے لیے اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق یہ پروازیں شہر میں سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول کی گئی ہیں۔









