کوربا، 5 جنوری (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے ضلع کوربا کے کرتلا تھانہ علاقے کے گائوں گنیاری میں اتوار کی دیر رات پیش آنے والے ایک سنگین قتل کے واقعے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح گائوںکے ایک گھر کے آنگن کے قریب نندکمار پٹیل کی خون میں لت پت لاش پڑی ہوئی دیکھی گئی۔ اطلاع ملتے ہی کرتلا پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔ لاش کے چہرے اور سر پر شدید چوٹ کے نشانات پائے گئے ۔
واقعے کی سنجیدگی کے پیش نظر پولیس نے ڈاگ اسکواڈ اور فارنسک ٹیم کو بھی موقع پر بلایا۔ تفتیش کے دوران ڈاگ اسکواڈ نے اہم سراغ فراہم کرتے ہوئے پاس ہی رہنے والے جے شنکر کے گھر تک پہنچایا، جس پر پولیس نے شک کیا اور اس سے پوچھ گچھ کی۔
پولیس تفتیش میں معلوم ہوا کہ مقتول نندکمار پٹیل اکثر ملزم کے گھر آتے جاتے تھے اور مبینہ طور پر ملزم کی اہلیہ کے ساتھ مذاق اور چھیڑ چھاڑ کرتے تھے ۔ اتوار کی رات اسی بات پر دونوں کے درمیان تنازعہ ہوا، جس کے دوران ملزم نے نندکمار پٹیل پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔
بتایا گیا ہے کہ مقتول اور ملزم دونوں شادی شدہ ہیں اور ان کے بچے بھی ہیں۔
کوربا پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھارتھ تیوار نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔ پولیس فی الحال واقعے کے تمام پہلو¶ں کی مکمل تفتیش کر رہی ہے ۔










