دبئی، 27 ستمبر (یو این آئی) سری لنکا کے ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریہ کو یقین نہیں آ رہا تھا کہ دبئی میں سری لنکا ایشیا کپ سپر فور کا میچ ہندوستان کے خلاف آخری اوور میں ہارگئی ۔ ان کی یہ ہار جولائی 2024 کی یادوں کو تازہ کر گئی، جب انہوں نے ہندوستان کے خلاف ایک آسان نظر آنے والی فتح کو گنوا دیا تھا۔ پالیکیلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا کو دو اوورز میں صرف نو رنز کی ضرورت تھی اور چھ وکٹیں باقی تھیں۔ اس کے باوجود وہ رنکو سنگھ اور سوریہ کمار یادو کی گیند بازی کے سامنے لڑکھڑا گئے اور میچ سپر اوور میں چلا گیا، جہاں وہ صرف ایک رن بنا سکے، جسے سوریہ کمار نے ایک ہی گیند میں حاصل کر لیا تھا۔
معہ کو، سری لنکا کو جیتنے کے لیے آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے، جبکہ چھ وکٹیں باقی تھیں اور سنچری بنانے والے پاتھم نسانکا کریز پر موجود تھے۔ لیکن وہ آخری اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد داسُن شَنَکا نے میچ آگے بڑھایا اور آخری گیند پر تین رنز کی ضرورت تھی، لیکن آخری گیند پر وہ صرف دو رنز ہی بنا سکے۔ اور میچ سپر اوور میں گیا، جہاں ہندوستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
جے سوریہ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا، "میں چاہتا تھا کہ ہم میچ عام طریقے سے جیتیں۔ کوئی بھی کپتان یا کوچ سپر اوور میں نہیں جانا چاہتا۔ بدقسمتی سے داسُن تیسرا رن مکمل نہیں کر سکے۔ تاہم ایسا نہیں ہے کہ ہم ہندوستان کے خلاف کسی ذہنی رکاوٹ کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ ہماری بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے۔ 200 (203) کا تعاقب کرنا کبھی آسان نہیں ہوتا، لیکن ہم نے تقریباً وہ اسکور حاصل کر لیا جو ہماری بیٹنگ کی قابلیت کو ظاہر کرتا ہے۔”
سری لنکا کی کلاس یا معیار پر کوئی شک نہیں ہے، اور نسانکا اس کا بہترین مثال ہیں۔ 2021 میں ٹیسٹ بلے باز کے طور پر پہچان بنانے کے بعد، وہ اب ایک شاندار وائٹ بال کھلاڑی بن چکے ہیں۔ پچھلے ہفتے گروپ اسٹیج کے بعد نسانکا نے جے سوریہ کے اثر اور کوچ کی جانب سے انہیں ایک علیحدہ شناخت پیدا کرنے کی آزادی دینے کی کھلے عام تعریف کی تھی۔ جمعہ کو انہوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور 58 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
جے سوریہ نے نسانکا اور پریرا کی اننگز کے بارے میں کہا، "جب آپ 202 (203) کا تعاقب کر رہے ہوتے ہیں، تو آپ کو مسلسل باؤنڈری تلاش کرنی ہوتی ہے۔ ان کی شراکت کافی اہم تھی۔ جب ہم نے وکٹیں کھونا شروع کیں، تو مومینٹم دوسری طرف چلا گیا۔ چیس میں ایسا ہونا فطری ہے کیونکہ کسی نہ کسی کو خطرہ لینا پڑتا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ پاتھم غلط وقت پر آؤٹ ہو گئے، اور بعد میں گیند زیادہ ٹرن ہونے لگی۔ پھر بھی یہ ایک بہت اچھا میچ تھا۔”





