نئی دہلی، 18 ستمبر (یو این آئی) دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ نے ہندوستانی دفاعی انجینئر سروس کے افسران سے بدلتے ہوئے سکیورٹی منظر نامے کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی درخواست کرتے ہوئے نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارت دفاع نے جمعرات کو کہا کہ مسٹر سنگھ نے ہندوستانی دفاعی انجینئر سروس کے 76ویں یوم تاسیس پر عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کے ذریعے قومی دفاعی تیاریوں کو مضبوط بنانے میں افسران کے کردار کی ستائش کی۔ انہوں نے بدلتے ہوئے سکیورٹی منظرنامے کے پیش نظر ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے کی درخواست کی اوربدلتے وقت کے مطابق نئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں وزارت دفاع اور آرمی ہیڈ کوارٹرز کے اعلیٰ سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔
دفاعی انجینئر سروس 17 ستمبر 1949 کو قائم کی گئی تھی اور اس نے ہندوستان میں دفاعی انجینئرنگ کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ملک بھر میں فوجی تنصیبات پر تعینات، یہ افسران رہائشی، تکنیکی اور انتظامی عمارتوں سے لے کر ہوائی اڈوں، ہینگرز، نیول پیئرز، اسپتالوں اور فوج، بحریہ، فضائیہ، کوسٹ گارڈ اور ڈی آر ڈی او کے خصوصی مراکز تک دفاعی انفراسٹرکچر کی تعمیر اور دیکھ بھال کی ذمہ داری نبھاتے ہیں۔










