نئی دہلی ، 15 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی ٹی 20 کپتان سوریہ کمار یادو نے آج کہا کہ کلدیپ یادو، اکشرپٹیل اور ورون چکرورتی کی اسپن گیند بازی نے پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
اتوار کی رات پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس میں سوریہ کمار یادو نے کہا کہ بے شک یہ تینوں سخت محنت کررہے ہیں اور وہ اپنے منصوبوں کے بارے میں بہت واضح ہیں ، یہی میں چاہتا ہوں ۔
ہاردک پانڈیا اور جسپریت بومرا انہیں اچھی سپورٹ دے رہے ہیں ۔ہندستانی گیند بازوں کی کارکردگی کا دوسرا پہلو یہ تھا کہ بومرا کو کس طرح استعمال کیا گیا ۔ اسے ہندوستان کے منصوبے کا حصہ قرار دیتے ہوئے سوریہ کمار نے کہا کہ وہ اپنے تمام گیند بازوں کو ذمہ داری لینے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں ۔
ایک دیگرسوال کے جواب میں انہوں نے کہا ، "آپ کسی بھی ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہیں ، دباؤ ہوتا ہے ۔ اعداد و شمار اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں ، لیکن آپ کیا کر سکتے ہیں ؟ آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ آپ کیسے بہتر ہو سکتے ہیں ۔ اگر آج کا میچ اچھا نہ ہوتا ، چاہے کچھ بھی ہو ، میں دوبارہ حکمت عملی بناتا اور اگلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ۔






