جموں//
سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل جموں میں سادھوئوں کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔
دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے عقیدتمند اور سادھو اس مقدس یاترا میں شرکت کے لیے جموں پہنچ رہے ہیں تاکہ مقدس گپھا میں بھگوان شیو کے درشن کر سکیں۔
اس دوران ممتاز روحانی پیشوا مہنت رامیشور داس جی نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر انتظامیہ نے یاترا کے کامیاب انعقاد کیلئے قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔
داس جی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا’’یاتریوں کی سہولت کے لیے رہائش، طبی امداد، سیکورٹی، اور خوراک سمیت تمام تر بنیادی سہولیات کا بہترین بندوبست کیا گیا ہے ۔ حکومت کی کوششیں واقعی قابلِ تعریف ہیں اور اس سے عقیدتمندوں کو یاترا کے دوران آسانی اور حفاظت کا احساس ہوگا‘‘۔
مہنت نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ ہزاروں یاتری ملک کے مختلف حصوں سے یاترا میں شریک ہونے والے ہیں اور ان کے استقبال و سہولت کے لیے حکومتی مشنری پوری طرح متحرک ہے ۔
داس جی نے زور دے کر کہا کہ امرناتھ یاترا نہ صرف روحانی اعتبار سے اہم ہے بلکہ یہ اتحاد، بھائی چارے اور مشترکہ ثقافتی ورثے کی بھی علامت ہے ۔
یاد رہے کہ امرناتھ یاترا کے لیے حکومتِ ہند اور جموں و کشمیر یوٹی انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔ جگہ جگہ کیمپ قائم کیے گئے ہیں، موبائل میڈیکل یونٹس تعینات ہیں اور حساس مقامات پر اضافی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ یاترا پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے ۔
اس دوران یاتریوں کی سہولیت کے لئے جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے لکھن پور میں تین درجن سے زیادہ لاجمنٹ سینٹرز اور چھ ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹیفکیشن (آر ایف آئی ڈی) رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس نے گذشتہ روز افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران شری امرناتھ جی یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کی جانی والی تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس دوران متعلقہ افسروں سے تاکید کہ وہ یاترا سے قبل تمام تر تیاریوں کو مکمل کریں۔
ضلع مجسٹریٹ نے افسروں سے تاکید کی کہ وہ یاتریوں کی بڑی تعداد میں آمد کی امید کے پیش نظر تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا’’ہمارا مقصد لکھن پور کو ایک کثیر سہولت والے مرکز میں تبدیل کرنا ہے ۔ ہم نے یاتریوں کی خدمت کے لیے ۳۶لاجمنٹ سینٹرز اور ۶آر ایف آئی ڈی رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کیے ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ صاف ستھرے بیت الخلا اور تفریحی زون قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے یاتریوں کیلئے پینے کے صاف پانی فراہمی، بجلی کی فراہمی، سینیٹیشن، طبی امداد، ٹریفک ریگولیشن اور فول پروف سیکورٹی پر زور دیا۔
ضلع مجسٹریٹ نے تمام متعلقہ محکموں سے قریبی ہم آہنگی کو بر قرار رکھنے اور تمام ضروری تیاریوں کو بر وقت مکمل کرنے کی تاکید کی۔
امسال شری امر ناتھ جی یاترا ؍۳جولائی سے شروع ہو کر ۹؍اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔حکام کے مطابق اب تک۵۰ء۳لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے یاترا کے لیے اپنا اندراج کرایا ہے اور ملک بھر سے مزید ہزاروں کے روزانہ کی بنیاد پر لکھن پور پہنچنے کی امید ہے ۔
دریں اثنا سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ یاترا کے روایتی راستوں پر بھاری تعداد میں پیرا ملٹری فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے ، جبکہ کئی مقامات پر موبائل بینکرز اور چیک پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کی سلامتی کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔










