یروشلم//
مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کار نے ایک فلسطینی کو چاقو کا وار کرکے شہید کر دیا۔
فلسطینی وزارت صحت اور ایک عینی شاہد کے مطابق 28 سالہ فلسطینی نوجوان جس کی شناخت علی حسن حرب کے نام سے ہوئی ہے، کو ایک یہودی آباد کار نے سینے پر چاقو مار کر شہید کردیا۔اسرائیلی بستی کے قریب واقع گاؤں اسکاکا سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی باشندے نے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے سنا کہ آباد کار ہماری زمین پر آگئے ہیں، یہ سنتے ہی میں، علی اور تین دیگر افراد وہاں گئے۔ جب ہم وہاں پہنچے تو ہم نے آبادکاروں کو دیکھا۔
فلسطینی کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں فوراً باہر نکال دیا لیکن جب پولیس اور فوج جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہ واپس آگئے۔ وہ بہت سارے تھے، انہوں نے ہوائی فائرنگ کی اور اپنی بندوقیں ہم پر تان لیں۔ ہم نے جن آباد کاروں کو باہر نکالا ان میں سے ایک نے ہم پر حملہ کیا اور اس نے علی کو چاقو کے وار کرکے شہید کردیا۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت خارجہ نے علی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ حالیہ مہینوں میں مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں کئی فلسطینی نوجوان شہید ہوچکے ہیں۔