نئی دہلی// آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے ہفتہ کو مغربی سرحدوں پر فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے وجر کور کا دورہ کیا۔
فوج کے ترجمان نے کہا کہ جنرل دویدی نے فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں کی زمینی سطح کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منتخب آگے والے علاقوں کا بھی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ویسٹرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف بھی تھے ۔
وجر کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بریفنگ کے دوران آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی ماحول اور کور کی تیاریوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بعد میں جنرل دویدی نے سرحد اور اندرونی علاقوں کو محفوظ بنانے میں آئی اے ایف، بارڈر سیکورٹی فورس، پنجاب پولیس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہموار تال میل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے فوجیوں کے بلند حوصلے ، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل لگن کی تعریف کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ فوج کے آپریشنل ایکسلینس معیار کو برقرار رکھیں۔ جنرل دویدی نے ترقی یافتہ ہندوستان-2047 کے قومی وژن کے تحت ایک جدید، چست قوت کی طرف فوج کی تبدیلی کے روڈ میپ کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجیز کا استعمال کرنے کے لیے تمام رینک کی حوصلہ افزائی کی۔ آرمی چیف نے سابق فوجیوں سے بات چیت کی اور انہیں ان کی بے لوث خدمات اور قوم کی تعمیر میں مسلسل کردار ادا کرنے پر اعزاز سے نوازا۔
آرمی چیف کے ساتھ موجود آرمی ویمن ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر محترمہ سنیتا دویدی نے وجر کور کی طرف سے کنبون اور سابق فوجیوں کی بہبود کے لیے شروع کیے جانے والے مختلف فلاحی پروگراموں کا جائزہ لیا۔