تل ابیب//
ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی نے ان کی دولت میں کھربوں روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔
جی ہاں واقعی ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد ایلون مسک کی دولت میں ایک دن میں 26.5ارب ڈالرز (73 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کا اضافہ ہوا۔
ایلون مسک امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پرجوش حامی کے طور پر سامنے آئے۔انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز عطیہ کیے جبکہ سیاسی ریلیوں میں بھی شرکت کی۔
بلومبرگ کے مطابق اب اس کا فائدہ بھی انہیں ہوا ہے اور 26.5ارب ڈالرز اضافے کے ساتھ ان کی دولت 290 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کے بعد ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 14.75فیصد اضافہ ہوا۔
مجموعی طور پر 2 دن کے دوران اس کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں 18.81فیصد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص سے منسلک ہے۔
امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے صرف ایلون مسک کو ہی فائدہ نہیں ہوا بلکہ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص جیف بیزوز کی دولت 7.14ارب ڈالرز اضافے کے بعد 228 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن کے اثاثوں میں 9.88ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا اور اب وہ 193 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔
بل گیٹس کی دولت میں 1.82ارب ڈالرز، گوگل کے شریک بانیوں لیری پیج اور سرگئی برن کی دولت میں بالترتیب 5.53اور 5.17ارب ڈالرز جبکہ وارن بفٹ کی دولت میں 7.58ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔