تہران//
لبنان – شام سرحد پر ایران کی جانب سے قائم کردہ فیلڈ ہسپتال اسرائیل کے حملے میں مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔
ایرانی ریڈ کریسنٹ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان کے مطابق، 56 بستروں اور ادویات کے گودام پر مشتمل ہسپتال گزشتہ رات اسرائیل کے حملے میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ایرانی ریڈ کریسنٹ کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے کہا کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تمام طبی عملہ محفوظ ہے تاہم ،ہسپتال کی ایمبولینسیں، طبی آلات اور سامان تباہ ہو گیا ہے
فیلڈ ہسپتال 6 اکتوبر کو ایرانی ریڈ کریسنٹ کی جانب سے اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے لبنانی شہریوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
اس دوران، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم کی مکمل مثال قرار دیا۔
ایرانی ترجمان نے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ تل ابیب نے پہلے بھی غزہ اور لبنان میں کئی بار ہسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اسرائیل کے جنگی جرائم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔