نئی دہلی//ئی) دنیش کارتک اگلے سال 9 جنوری سے شروع ہونے والے ایس اے-20 ٹورنامنٹ میں پارل رائلز کے لیے کھیلیں گے۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں کھیلنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہوں گے۔
کارتک نے اس سال جون میں اپنی 39ویں سالگرہ کے موقع پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد ایس اے-20 کارتک کا پہلا ٹورنامنٹ ہوگا۔ کارتک نے ہندوستان کے لیے 180 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری آئی پی ایل سیزن 2024 میں رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے کھیلا تھا۔ آرسی بی نے انہیں 2025 کے آئی پی ایل سیزن کے لیے مینٹور اور بیٹنگ کوچ کے طور پر سائن کیا ہے۔
رائلز فرنچائز کے ڈائریکٹر کرکٹ کمار سنگاکارا نے کارتک کو ٹیم میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا، "دنیش جدید ہندوستانی محدود اوورز کے ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور ان کا بے پناہ تجربہ ہماری ٹیم کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا۔”
اس موقع پر کارتک نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں میری بہت اچھی یادیں ہیں اور جب یہ موقع میرے سامنے آیا تو میں انکار نہیں کر سکا۔ میں مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے لیے پرجوش ہوں۔‘‘
ٹی-20 سرکٹ میں کارتک کو ان کے ساتھیوں اور کرکٹ کے بہت سے ماہرین کے ذریعہ کافی اونچا خیال کیا جاتا ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ کارتک کے پاس ٹی 20 فارمیٹ کا کافی زیادہ تجربہ ہے۔ کارتک فی الحال اسکائی اسپورٹس کے لیے دی ہنڈریڈ کی کمنٹری کررہے ہیں۔
کارتک نے اب تک کل 401 ٹی-20 میچ کھیلے ہیں۔ وہ آئی پی ایل میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرزسمیت چھ ٹیموں کا حصہ رہ چکے ہیں۔ کارتک آئی پی ایل میں سب سے فٹ کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔ وہ پورے 17 سیزن میں صرف دو میچوں کے لیے غیر حاضر رہے۔
قابل ذکر ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے صرف ریٹائرڈ ہندوستانی کھلاڑیوں کو ہی غیر ملکی ٹی-20 لیگز میں کھیلنے کی اجازت ہے۔