دراس//
وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ اگنی ویر اسکیم کی مخالفت کرنے والے لوگ ہی ماضی میں دفاعی بجٹ گھوٹالے میں ملوث رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ فوج اور آئی اے ایف خود انحصار ہو۔
ان باتوں کا اظہار وزیر اعظم مودی نے دراس میں کرگل وجے دیوس کے موقع پر منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ان کے سبھی مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا ’’کانگریس نے اپنے دور میں فوج کے مطالبات کو نظر انداز کیا لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے اس سمت میں بہتر کام کیا ہے ‘‘۔
اگنی ویر اسکیم پر بات کرتے ہوئے وزیرا عظم نے کہا’’اس اسکیم کی مخالفت کرنے والے دراصل وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں ہزاروں کروڑ روپیہ دفاعی بجٹ کا گھوٹالہ کیا‘‘۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ کھبی نہیں چاہتے تھے کہ آئی اے ایف اور فوج مضبوط و مستحکم ہو۔
وزیر اعظم مودی نے کہاکہ بی جے پی نے فورسز کے مفادات کی خاطر ون رینک ون پنشن اسکیم کونافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ان کے مطابق مرکزی حکومت فوج میں جدیدت لانے کے حوالے سے اپنے وعدے پر کاربند ہے لیکن اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے اگنی ویر اسکیم پر سوالات اٹھانا سمجھ سے باہر ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس سمیت دوسری سیاسی پارٹیاں اگنی ویر اسکیم پر سیاست کر رہی ہیں۔مودی نے کہا کہ فوج میں اگنی ویر کا مقصد فوج کو جوان بنانا اور انہیں جنگ کے لیے تیار رکھنا ہے ۔
مودی نے کہا کہ کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ فوج کا مطلب سیاستدانوں کو سلام کرنا اور پریڈ کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے کچھ لوگوں نے قومی سلامتی سے جڑے حساس معاملے کو سیاست کا موضوع بنایا یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ہماری فوج کو وقتاً فوقتاً کمزور کیا۔
پی ایم مودی نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو چاہتے تھے کہ فضائیہ کو کبھی جدید لڑاکا طیارہ نہ ملے ، حقیقت یہی ہے کہ اگنی پتھ اسکیم سے ملک مضبوط ہوگا اور فوج کی ضرورتیں بھی پوری ہونگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ حکومت نے پنشن کے اخراجات کو بچانے کے لیے اگنی پتھ اسکیم لائی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ آج قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے والوں کو اپنے ماضی کی طرف دیکھنا چاہئے کہ کس طرح سے انہوں نے اپنے دور میں فوج کو کمزور کیا۔
ون رینک ون پنشن معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ موجودہ سرکار نے ہی اس اسکیم کو نافذ کیا جس سے سابق فوجیوں کو۲۵ء۱لاکھ کروڑ روپیہ کی رقم فراہم کی گئی۔انہوں نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے آزادی کی سات دہائیوں کے بعد بھی شہداء کی یادگار نہیں بنائی ، سرحد پر تعینات فوجیوں کو مناسب بیلٹ پروف جیکٹس فراہم نہیں کیں۔
پی ایم مودی نے کہاکہ بھارتی افواج دنیا کی طاقتور اور مضبوط ترین فورس ہے اور ماضی میں بھی دشمن کو شکست دی اور مستقبل میں بھی پڑوسی ملک کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے ۔