پیانگ یانگ//
شمالی کوریا میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران ’بخار‘ سے مزید 6 ہلاکتیں ہوگئیں۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران ’بخار‘ سے مزید 6 ہلاکتیں ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’ملک میں موجودہ صورتحال سےنمٹنے کے لیے فوج نے فوری طور پر دارالحکومت پیانگ یانگ میں تمام فارمیسیز میں اپنی طاقتور افواج کو تعینات کر دیا ہے اور ادویات کی فراہمی شروع کردی ہے۔‘
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ’بخار سے مرنے والوں کی تعداد 56 ہے، بخار میں مبتلا افراد کی تعداد 14 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جن میں سے 6 لاکھ سے زائد مریض زیرِ علاج ہیں۔رپورٹ کے مطابق، شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اون نے محکمۂ صحت کے عہدیداروں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے وبائی امراض کی روک تھام کے لیے ان کے ردعمل کو غلط قرار دیا ہے۔‘
انہوں نے خاص طور پر ادوایات کی فراہمی کے لیے فارمیسیز کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
کم جونگ اون نے کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور تقریباً روزانہ کی بنیاد پر اس حوالے سے ہنگامی اجلاسوں کی نگرانی بھی کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا کی حکومت کی جانب سے ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کی تصدیق کے بعد ایمرجنسی لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیاہے۔