نئی دہلی// نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے بدھ کی تعلیمات کو موجودہ دور میں متعلقہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی، تنازعات، دہشت گردی اور غربت جیسے عصری چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بدھ کے نظریات کی ضرورت ہے ۔
بدھ کو یہاں ایشین بدھسٹ پیس کانفرنس (اے بی سی پی) کی 12ویں جنرل اسمبلی کا افتتاح کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ بدھ کی تعلیمات ماضی کے آثار نہیں ہیں بلکہ مستقبل کے لیے رہنما اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوتم بدھ کا امن، ہم آہنگی اور بقائے باہمی کا پیغام نفرت اور دہشت کی طاقتوں کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی بے یقینی کے دور میں بدھ کی تعلیمات سب کے لیے استحکام، سادگی، تحمل اور احترام کا راستہ پیش کرتی ہیں۔ اس کی چار عظیم سچائیاں اورایٹ فولڈ پتھ اندرونی امن، ہمدردی اور عدم تشدد کی طرف لے جاتا ہے ۔ یہ موجودہ تنازعات کا سامنا کرنے والے افراد اور قوموں کے لیے تبدیلی کے رہنما اصول ہیں۔
مسٹردھنکھڑ نے خدمت پر مبنی حکمرانی کے بارے میں ہندوستان کے نقطہ نظر پر بدھ کی تعلیمات کے گہرے اثر پر زور دیا اور کہا کہ یہ اصول شہریوں کی فلاح و بہبود، شمولیت اور ماحولیاتی پائیداری کو ترجیح دینے کے ملک کے عزم میں رہنما قوت کے طور پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی لازوال حکمت نہ صرف انسانوں بلکہ جانداروں کے لیے بھی ایک طاقتور، ہم آہنگ، مکمل، بلا روک ٹوک امن کا راستہ فراہم کرتی ہے ۔
نائب صدر جمہوریہ نے موسمیاتی تبدیلی، تنازعات، دہشت گردی اور غربت جیسے عصری چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بدھ کے اصولوں کو عالمگیر مطابقت ورار دیا۔