نئی دہلی// کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو غریب مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غریبوں کے نام پر امیروں کو فائدہ پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔
مسٹر کھڑگے نے پارٹی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا کہ مسٹر مودی پہلے غریبوں کا مذاق اڑاتے تھے لیکن اب جب الیکشن آ گئے ہیں تو انہیں پھر سے ان کی یاد آ گئی ہے ۔ پہلے وہ ان غریبوں کا مذاق اڑایا کرتے تھے اور ان کی مدد کو ریوڑی کہتے تھے ۔
مسٹر کھڑگے نے وزیر اعظم پر حملہ کرتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ای ڈی جیسی سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی انتخابات آتے ہیں، وہ اپوزیشن لیڈروں کے خلاف ای ڈی کے چھاپے شروع کر دیتے ہیں اور سیاسی فائدے کے لیے ان سرکاری ایجنسیوں کا استعمال کرتے ہیں۔
کانگریس کے صدر نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈروں کے پاس بے تحاشہ پیسہ ہے لیکن کانگریس کے لیڈروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جاتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ای ڈی کے چھاپے صرف انتخابات کے وقت ہی کیوں ہوتے ہیں۔ اس سے پہلے محکمہ ویجیلنس کیوں سوتا ہے ؟
مسٹر کھڑگے نے کہا ”مودی حکومت ہمارے لیڈروں کو ہراساں کر رہی ہے ۔ بی جے پی اچھے کام کرنے والوں کے راستے میں کھڑی ہے ۔ اچھے کام سے ہمیشہ لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے لیکن کچھ لوگ عوام کی بھلائی نہیں چاہتے ۔’’