نئی دہلی//
افغانستان اور بھارت کے خلاف میچ میں بھارت نے جارحانہ کھیلتے ہوئے اور کپتان روہت شرما کی شاندار سنچری کی بدولت افغانستان کو 8وکٹوں سے شکست دے دی ۔افغانستان نے بدھ کے روز آئی سی سی ورلڈ کپ کے نویں ون ڈے کرکٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عظمت اللہ عمرزئی کے شاندار 62 رن اور حشمت اللہ شاہدی کے 80 رنز کی بدولت ہندوستان کو 273 رنز کا مضبوط ہدف دیاتھا ۔
273رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے یہ اسکور 35ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا ۔ بھارت کی طرف سے ایشان کشن اور روہت شرما نے اننگ کی شروعات کی اور کپتان روہت شرما نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 84گیندوں میں 131رنز بنائے جبکہ ایشان کشن 47رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
اس کے بعد بھارت کی طرف سے وراٹ کوہلی نے 56گیندوں پر 55رنز بنائے اور اس طرح سے بھارت نے یہ میچ آسانی سے 8وکٹوں سے جیت لیا۔
آج دہلی کے جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغان بلے بازوں نے سست آغاز کیا اور آٹھ وکٹوں پر 272 رنز بنائے۔ ساتویں اوور کی چوتھی گیند پر بمراہ نے ابراہیم زدران کو راہل کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ کروا کے افغانستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ زدران 28 گیندوں پر 22 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ گرباز 13ویں اوور کی چوتھی گیند پر 21 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وہ ہاردک کی گیند پر شاردول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور دو وکٹ پر 63 رنز تھا۔ 13 اوورز کی پہلی گیند پر شاردول نے رحمت شاہ کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ رحمت 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کو چوتھا جھٹکا 43 اوورز میں 225 کے اسکور پر لگا جب عظمت اللہ عمرزئی 62 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد کلدیپ یادیو نے حشمت اللہ شاہدی کو 80 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد نبی کو 18 رنز پر بمراہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ نجیب اللہ زدران دو رن بنا کر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 49 ویں اوور کی پہلی گیند پر بمراہ نے راشد خان کو 16 رنز پر کلدیپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا یا۔ مجیب الرحمان 10 اور نوین الحق 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 272 رنز بنا سکا۔ اگرچہ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ افغانستان 300 رن سے اوپر کا ہدف دے گا لیکن پانڈیا نے عظمت اللہ عمرزئی کو 62 رنز پر اور کلدیپ یادیو نے 80 رنز پر حشمت اللہ شاہدی کو ایل بی ڈبلیو کر کے افغانستان کو بڑا ہدف بنانے سے روک دیا۔
ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 39 رن کے عوض چار وکٹ حاصل کی۔ ہاردک پانڈیا نے 43 رن کے عوض دو وکٹ حاصل کی۔ شاردول ٹھاکر اور کلدیپ یادو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔