نئی دہلی//) آئندہ 12 اور 13 اکتوبر کو نئی دہلی کے دوارکا میں 9 ویں پی۔ 20 کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے ، جس میں جی۔ 20 میں شامل ملکوں کی پارلیمنٹ کے اسپیکرس ،مدعو ممالک کے اسپیکرس، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے آج یہاں پارلیمنٹ ہاوس میں منعقدہ ایک پریس کانفرس میں پی۔ 20 کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس دو روزہ کانفرنس میں 25 ملکوں کی پارلیمنٹ کے اسپیکرس، 10 ملکوں کے نائب صدور اور 50 سے زائد اراکین پارلیمنٹ کی شرکت متوقع ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں اب تک جتنی بھی پی۔ 20 کانفرنسیں ہوئی ہیں، ان سب سے زیادہ نمائندے نئی دہلی کی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ قبل ازیں پی۔ 20 کی 8 ویں کانفرنس انڈویشیا میں ہوئی تھی، جس کے بعد ہندوستان کو 9 ویں کانفرنس کی سربراہی ملی ہے ۔
پی۔ 20 کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ اس کانفرنس میں کئی عالمی امور پر تبادلہ خیال اور مذاکرات کئے جائیں گے ، جس میں دنیا کو درپیش عالمی چیلنجوں اور ان کے حل کے لئے مثبت اور تعمیری مذاکرات کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ دنیا کی پارلیمنٹ میں ان کی بہترین کارکردگی اور عوامی مفادات پر مبنی قانون بنانے کی سمت میں جدیدترین ٹکنالوجی کے استعمال اور اس کی افادیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تاکہ دیگر ممالک بھی اس سے استفادہ کرسکیں۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ پی۔ 20 کانفرنس کا اصل مقصد عوامی نمائندوں، پارلیمنٹ اور قانون ساز اداروں کو عوام کے تئیں جوابدہ بنانا اور ان اداروں میں شفافیت لانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی۔ 20 کے ممالک کے اسپیکرس اپنے اپنے ملکوں کے مسائل اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور عالمی ماحولیاتی مسائل پر بھی غوروخوض کریں گے ۔
مسٹر برلا نے کہا کہ عالمی ماحولیات کے مسائل پر ہندوستان نے اپنا نظریہ پیش کیا ہے ، جس پر پی۔20 میں غوروخوض کیا جائے گا۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے ہندوستان کو‘‘ جمہوریت کی ماں ’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد سے ہندوستان نے ہمیشہ ہی خواتین کی بہبود، صنفی برابری اور سب کو یکساں حقوق دیئے ہیں۔ اسی تحت ہندوستانی آئین سازوں نے سب کو ووٹنگ رائٹس دیئے ہیں اور تمام مذاہب کو عزت و احترام دینے اور سب کے ساتھ یکساں سلوک کئے جانے کا انتظام کیا ہے ۔