بیجنگ//
چین میں ایک سرکاری کان میں خوفناک آتشزدگی کی وجہ سے 16 کان کن ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے گوئژو میں کوئلے کی کان میں لگنے والی آگ کو فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹوں میں قابو پالیا تھا تاہم اس دوران دھوئیں کے بادلوں نے سانس لینا محال کردیا تھا۔
حادثے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے جن میں زیادہ تر کی اموات دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ آگ کنویئر بیلٹ میں لگی تھی تاہم آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ حادثے کے بعد پانزو شہر میں کوئلے کی تمام کانوں نے پیداواری سرگرمیاں ایک دن کے لیے معطل کر دیں۔
یاد رہے کہ اس علاقے میں کوئلے کی تقریباً 52.5ملین میٹرک ٹن سالانہ پیداواری صلاحیت ہے جو چین کی کوئلے کی مجموعی پیداواری صلاحیت کا تقریباً 5 فیصد ہے۔
آتشزدگی کا شکار ہونے والی کوئلے کی کان کی سالانہ پیداواری گنجائش 3.1ملین ٹن ہے جب کہ یہ جس سرکاری کمپنی کی ملکیت ہے جس کی 7 کوئلے کی کانوں کی پیداواری صلاحیت تقریباً 17.3ملین ٹن ہے۔
واضح رہے کہ چین میں کانوں کے حادثات عام ہیں۔ رواں برس فروری میں منگولیا کے علاقے میں کان کے دب جانے سے 53 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔