لاہور//پاکستانی قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن کا حصہ ہے، ٹیسٹ سیریز جولائی میں کھیلی جائے گی جس کے شیڈول کا اعلان سری لنکا کرکٹ جلد کرے گی۔
تاہم شاہین آفریدی ورلڈ کپ کے پیش نظر ٹیسٹ ٹیم سے وقفہ لیں گے۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی نے 25 ٹیسٹ میچوں میں 99 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں وہ گزشتہ برس دورہ سری لنکا کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے گزشتہ برس جولائی میں سری لنکا کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
انجری سے صحت یاب ہو نے کے بعد فاسٹ بولر کی وائٹ بال کرکٹ میں ضرور واپسی ہوئی، البتہ انہوں نے ہوم گراونڈ پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیست سیریز میں حصہ نہیں لیا تھا۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ان دنوں انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی لیگ ٹی20 بلاسٹ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں جس میں ناصرف ان کی شاندار بولنگ کے چرچے ہوئے بلکہ شائقین ان کی بیٹنگ سے بھی کافی محظوظ ہوئے۔