لاہور//سابق پاکستانی کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ایشیا کپ میں ہندوستان کے پاکستان آنے کے انکار اور ہائبرڈ ماڈل کی تجویز بھی مسترد کرنے پر ہندوستان پر برہمی کا اظہار کیا ہے جیو نیوز کے مطابق نجی میڈیا چینل پر گفتگو کے دوران ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی ایشیا کپ کے حوالے سے اور کیا کرسکتا ہے، اب ہر بورڈ کو یہ سوچنا چاہیے کہ ایسا وقت کسی بھی ملک کے کرکٹ بورڈ پر آسکتا ہے، پی سی بی نے ہمیشہ ہر بورڈ کو سپورٹ کیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش ، سری لنکا افغانستان بورڈ کو سپورٹ کیا۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ہندوستانی سیاسی جماعت شیوسینا کے صدر اور بانی بال ٹھاکرے ہمیں ہندوستان سے دھمکیاں دیتے تھے لیکن اس سب کے باوجود پاکستان حکومت نے ٹیم کو بھیجنے سے انکار نہیں کیا اور پاکستان ٹیم ہندوستان گئی۔
سابق کپتان کا دعوی تھا کہ ہندوستانی وزیراعظم مودی سے کوئی اچھی امید نہیں رکھی جاسکتی اور جے شاہ مودی کو خوش کرنے کیلئے ایسی حرکتیں کرتے ہیں لیکن میں ہمیشہ کہتاہوں کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔