شنگھائی//
چین کے سب سے بڑے شہر شنگھائی میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ حکام کی جانب سے گزشتہ روز اولین اموات کی تصدیق کی گئی تھی جب کورونا وائرس کے ویریئنٹ اومیکرون سے متاثرہ تین معمر مریض انتقال کر گئے تھے۔
آج بھی چین کے طبی حکام نے اطلاع دی ہے کہ شہر میں کورونا وائرس کے ویریئنٹ اومیکرون کے باعث ہلاکتوں کی تعداد اب دس ہو گئی ہے۔
شنگھائی کے طبی کمیشن کے ایک اعلیٰ اہلکار نے آج بروز منگل ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کل انتقال کر جانے والے تین بزرگ شہریوں کی طرح مزید سات متاثرہ مریض آج انتقال کر گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ان مریضوں نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن نہیں کرائی تھی۔ واضح رہے کہ شنگھائی میں عمر رسیدہ شہریوں کی آبادی کا تناسب کافی زیادہ ہے اور ان میں ویکسینیشن کی شرح بہت کم ہے۔