نئی دہلی//) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ دہلی کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔
مسٹر کیجریوال نے منگل کو دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی) کی ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، اس لئے عہدیداروں کو چاہئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کسی گھر کو گندا پانی آنے کا مسئلہ نہ ہو۔
انہوں نے ڈی جے بی کو ہدایت دی کہ وہ اگلے 15 دنوں کے اندر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس (ڈبلیو ٹی پی) اور زیر زمین آبی ذخائر (یو جی آر) پر نصب تمام فلو میٹروں کی مرمت کرے ۔ وزیراعلیٰ نے پانی کی پیداوار اور فراہمی کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے آر او واٹر پروجیکٹ میں غیر ضروری تاخیر کے ذمہ دار حکام کی سرزنش کی اور کہا کہ اگر وہ مقررہ مدت میں پروجیکٹ کو مکمل نہ کر سکے تو وہ مستعفی ہونے کے لیے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔
وزیراعلی نے دہلی کو آلودہ پانی سے پاک بنانے کے لئے عہدیداروں کو واضح ہدایات دیں، تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہوسکے ۔ دہلی حکومت دہلی کے تمام شہریوں کو ہر قیمت پر صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کے کسی بھی گھر میں گندا یا آلودہ پانی نہیں ہونا چاہئے ۔ جہاں تک ممکن ہو عوام کو صاف پانی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ حکام کو چاہیے کہ وہ مسائل کے علاقوں کی فہرست بنائیں اور ترجیحی بنیادوں پر مقامی حل کی نشاندہی کریں اور ان پر عمل درآمد کریں۔