برسلز///
یورپی یونین کے خارجہ تعلقات کے کمشنر جوزپ بوریل نے آج اتوار کو کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی سے خطے کے استحکام میں مدد ملے گی۔ برسلز کے دورے پر آئے ہوئے عراقی وزیر خارجہ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران ’’ العربیہ‘‘ اور ’’الحدث‘‘ کے نامہ نگار کے سوال کے جواب میں بوریل نے کہا کہ سعودی اور ایرانی مفاہمت ایک اچھی خبر ہے جس سے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اتوار کو کہا کہ وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ "مستقبل قریب” میں ملاقات کریں گے۔ انہوں نے بتایا سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات کے لیے 3 مقامات تجویز کیے تھے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے وضاحت کی کہ سعودی عرب کے ساتھ تازہ ترین پیغامات کے تبادلے کی بنیاد پر ایران نے بھی دونوں سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ ہم نے سعودی عرب کے ساتھ دونوں سفارت خانوں کے افتتاح کی تیاری کے لیے تکنیکی وفود کا دورہ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں حسین امیر عبد اللھیان نے مزید کہا کہ بغداد مذاکرات کے پانچ اداوار کے بعد ریاض کے ساتھ تعلقات معمول پر آ گئے ہیں۔ خیال رہے 10 مارچ 2023 کوسعودی عرب اور ایران نے چین کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد 2016 سے اپنے منقطع سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا۔