الریاض//
سعودی عرب میں آج یوم تاسیس منایا جارہا ہے۔ ملک بھر میں اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کا یوم تاسیس 22 فروری کو سعودی ریاست کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
پچھلے سال پہلی بار اس دن کو منایا گیا تھا اور شاہی فرمان کے مطابق یہ سالانہ عام تعطیل قرار دیا گیا۔ "یوم تاسیس” کی تاریخ تین صدیاں پرانی ہے۔ پہلی سعودی ریاست 1727 میں امام محمد بن سعود کی قیادت میں قائم ہوئی تھی۔
متعدد عالمی رہنماؤں نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اس موقع پر تہنیتی پیغامات بھیجے۔بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے سعودی عرب کی قابل ذکر تہذیبی اور ترقیاتی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا… جن سے علاقائی اور عالمی سطح پر مملکت کا وقار بڑھا ہے۔”
جمہوریہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان ، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم بن الحسین، عمان کے سلطان ہیثم بن طارق اور کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے بھی اپنے پیغامات میں سلطنت کو مبارکباد دی۔
عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر عادل عبدالرحمن العسومی نے اسے "بانی مملکت کے ساتھ وفاداری کا دن اور اس ملک کی کامیابیوں اور تمام شعبہ زندگی میں شاندار کارکردگی کا جشن منانے کا موقع” قرار دیا۔
ریاستی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس سال دوسرا یوم تاسیس، ہماری کہانی کے مرکزی خیال کے تحت منایا جائے گا۔