مکہ مکرمہ//
صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کےصدر اور امام کعبہ الشیخ ڈاکٹرعبدالرحمٰن بن عبدالعزیز السدیس نے اپنے ہاتھوں سے ملتزم، حجر اسود اور رکن یمانی عود کے عطرسے دھوکر ان مقدس مقامات کو معطر کیا۔
اس موقعے پر امام کعبہ اور صدارت عامہ برائے امور حرمین کے سرراہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین اور زائرین کی خدمت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پہلی ترجیح ہے۔ وہ بیت اللہ میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کو ہرچیز پر مقدم رکھتے ہیں۔
انہوں نے خادم الحرمین الشریفین اور حکومت کی طرف سے حرمین شریفین کی دیکھ بھال پر توجہ دینے اور زائرین کو مناسک کی ادائی کے لیے بہترین اور معیاری سہولتیں فراہم کرنے پر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔