سرینگر//
وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی بیچ محکمہ موسمیات نے وادی میں ۱۱نومبر تک موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں پیر کو بھی برف و باراں متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ۸نومبر کو موسم ابر آلود رہے گا اور اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں۹سے۱۱نومبر تک ایک بار پھر بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال سے خاص طور سرینگر،جموں شاہراہ، زوجیلا پاس، لیہہ، منالی شاہراہ پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل عارضی طور پر متاثر ہوسکتی ہے ۔
متعلقہ محکمے نے لوگوں سے سفر اختیار کرنے سے پہلے سڑکوں کی صورتحال معلوم کرنے کی تاکید کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بڑی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو کافی مقدار میں غذا، گرم لباس، گرم جوتے وغیرہ ساتھ اٹھانے چاہئے ۔
دریں اثنا ذرائع کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ اور سونہ مرگ کے بعض حصے برف کی سفید چادر میں لپٹے ہوئے ہیں اور بالائی علاقوں میں چار انچ سے ڈیڑھ فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔
کپوارہ کے مژھل اور سادھنہ ٹاپ پر بالترتیب چار انچ اور ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوئی ہے جبکہ گریز میں تین انچ موٹی برف کی چادر بچھی ہوئی ہے ۔
سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۳۰ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں ۳۶ملی میٹر، پہلگام میں۱۹ملی میٹر، کپوارہ میں۲۴ملی میٹر،گلمرگ میں۳۰ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
ادھر وادی میں بارشوں کے بیچ شبانہ درجہ حرارت کہیں معمول سے زیادہ تو کہیں معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے ۔
دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۷ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے ۱ء۶ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکار ڈہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۸ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکار ڈکیا گیا جو معمول سے۹ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثنا وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، لیہہ شاہراہ کو پیر کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دیا گیا جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر دو دنوں سے ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل معطل ہے ۔
ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ کو اتوار کی صبح کئی مقامات جیسے پیر کی گلی، منسر مہر اور پوشہ پر بررف باری ہونے کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سونہ مرگ میں برف باری کے باعث سرینگر، سونہ مرگ،گومری سڑک کو بھی پیر کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس روڈ پر بھی اتوار کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی لیکن بعد میں ٹریفک بحال کر دیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ تازہ برف باری کے باعث اس روڈ کو ایک بار پھر بند کر دیا گیا ہے ۔
حکام نے لوگوں سے سرینگر، جموں شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے قبل اس کی صورتحال معلوم کرنے کی تاکید کی ہے
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ کی صورتحال معلوم کرنے کیلئے متعلقہ ٹریفک کنٹرول روم کے ساتھ رابطہ کریں۔