دبئی// ہندوستانی آل راؤنڈر دیپتی شرما نے خواتین کے ایشیا کپ 2022 میں شاندار کارکردگی کی بدولت اپنے کیریئر کی بہترین آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ حاصل کر لی ہے۔
منگل کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق دیپتی نے 724 پوائنٹس کے ساتھ ٹی 20 خواتین گیند بازوں کی رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف تین اور بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ کے خلاف دو دو وکٹیں حاصل کیں، جس سے وہ نومبر 2019 کے بعد پہلی بار تیسری پوزیشن پر پہنچ گئیں۔
اس کے علاوہ وہ آسٹریلیا کی ایشلی گارڈنر کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں اپنے کیرئیر کی بہترین تیسری پوزیشن حاصل کر چکی ہیں جب کہ بلے بازوں کی رینکنگ میں وہ 35ویں نمبر پر آگئی ہیں۔
دریں اثنا، دیپتی کی ہم وطن رینوکا سنگھ (تین مقام چڑھ کر 8 ویں رینکنگ پر)، اسنیہ رانا (30 مقام چڑھ کر 15 ویں نمبر پر) اور پوجا وستراکر (7 مقام چڑھ کر 28 ویں نمبر پر) نے ٹی 20 گیند بازوں کی فہرست میں برتری حاصل کر لی ہے۔ بلے بازوں کی درجہ بندی میں جمائمہ روڈریگز دو مقام کی بہتری کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئی ہیں۔
ہندستان کے خلاف 37 گیندوں پر 56 رن کی ناٹ آوٹ میچ جیتانے والی اننگز کھیل کر پاکستان کی آل راؤنڈر ندا ڈار پانچ درجے اوپر چڑھ کر 39 ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ وہ آل راؤنڈروں کی فہرست میں بھی ایک درجہ چڑھ کر ساتویں نمبر پر آگئی ہیں۔