ناگپور// تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے پچھڑنے کے بعد ہندوستانی ٹیم جمعہ کو دوسرے ٹی 20 میں جسپریت بمراہ کی واپسی کے ساتھ ڈیتھ اووروں میں اپنی گیند بازی میں بہتری لانا چاہے گی۔
ہندوستان پہلے میچ میں 209 رن کے بڑے ہدف کا دفاع نہ کر سکا اور اسے چار وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آسٹریلیا سے پہلے پاکستان اور سری لنکا بھی بھونیشور کمار کے 19ویں اوور میں جم کر رن حاصل کر چکے ہیں جو ہندوستان کے لیے تشویشناک ہے۔
گیند بازوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے بمراہ کے دوسرے میچ میں کھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں، حالانکہ ان کی صحت اب بھی مشکوک ہے۔ بمراہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے دورہ انگلینڈ کے اختتام کے بعد سے کھیل سے باہر ہیں۔
مسلسل مہنگے ثابت ہورہے یجویندر چہل کی بالنگ پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں ، گویا وہ بلے بازوں کو پریشانی میں ڈالنے کی صلاحیت کھو چکے ہیں۔ زخمی رویندرا جدیجہ کی جگہ لینے والے اکشر پٹیل نے تاہم موہالی میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 رن کے عوض تین وکٹ حاصل کئے۔
بیٹنگ میں روہت اور وراٹ کوہلی پچھلے میچ میں کی گئی غلطیوں کو درست کرنا چاہیں گے۔ کے ایل راہل، سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا اپنی دھماکہ خیز فارم جاری رکھیں گے۔
ورلڈ کپ کے قریب آنے پر ٹیم انتظامیہ دنیش کارتک یا رشبھ پنت کو پرکھ سکتی ہے۔ کارتک کو فنشر کا کردار ادا کرنے کے زیادہ مواقع نہیں ملے ہیں، اور اگر انہیں جمعہ کو موقع ملتا ہے تو وہ اپنی صلاحیت کو ثابت کرنا چاہیں گے۔
نہ صرف ہندوستانی بلکہ آسٹریلیائی بالنگ کی صورتحال بھی تشویشناک رہی ہے۔ ناتھن ایلس کو چھوڑ کر، تمام آسٹریلیائی گیند بازوں نے سات سے زیادہ کی اکانومی ریٹ پر رن لٹائے۔ کیمرون گرین اور پیٹ کمنز نے موہالی میں آخری پانچ اووروں میں 67 رن دیے۔
تاہم بیٹنگ میں آسٹریلیا ڈیوڈ وارنر، مچل مارش اور مارکس اسٹونیس کی غیر موجودگی میں بھی کافی مضبوط نظر آئی۔
آل راؤنڈر کیمرون گرین نے اپنے دوسرے ٹی۔ 20 میں وارنر کی کمی کو پورا کیا اور آغاز میں ہی دھماکہ خیز نصف سنچری اسکور کی۔ میتھیو ویڈ نے آخر کار آسٹریلیا کی اننگز کی ذمہ داری سنبھالی اور 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 45 رن کی میچ فاتح اننگز کھیلی۔ تجربہ کار ایرون فنچ اور گلین میکسویل کی موجودگی آسٹریلیا کو مزید جارح بناتی ہے۔
موہالی میں ہندوستان اور آسٹریلیا نے مجموعی طور پر 400 سے زائد رن بنائے تھے، لیکن ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی پچ سست دکھائی دے رہی ہے۔ بمراہ کی قیادت میں ہندوستانی اٹیک اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنا چاہے گا۔کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ راہل ڈراوڑ کی قیادت میں ہندوستانی تھنک ٹینک روی چندرن اشون کو گیند بازی کے مطابق ٹریک پر آزما سکتا ہے۔ ہرشل پٹیل جمعہ کے مقابلے میں خاص تعاون دے سکتے ہیں۔