دہرادون// ہندوستان کے لیجنڈری کرکٹر سچن تندولکر اور یووراج سنگھ روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز 2022 میں چوکوں اور چھکوں کی بارش کرنے منگل کو دہرادون پہنچے۔
روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز 2022، جس کا اہتمام حکومت ہند نے روڈ سیفٹی کے بارے میں بیداری بڑھانے کے لیے کیا ہے، لکھنؤ اور اندور کے راستے دہرادون پہنچی ہے، جہاں پہلا میچ 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ہندوستانی کھلاڑی 22 ستمبر کو میدان میں اتریں گے۔ انڈیا لیجنڈز، سری لنکا لیجنڈز، انگلینڈ لیجنڈز اور نیوزی لینڈ لیجنڈز کے کھلاڑی روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کے لیے منگل کو دہرادون پہنچے۔ سچن تندولکر کی قیادت میں انڈیا لیجنڈز کے کھلاڑی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے دہرادون پہنچے ہیں۔
دہرادون میں ہونے والے کرکٹ میچ کو لے کر ریاست کے لوگ پرجوش ہیں، جب کہ پیر کو اندور سے چار ممالک کے 113 ارکان میچ کے لیے انڈیگو کی فلائٹ سے دہرادون پہنچ گئے تھے۔ دہرادون کے جولی گرانٹ ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد تمام اراکین بسوں اور دیگر گاڑیوں میں مختلف ہوٹلوں کے لیے روانہ ہو گئے۔