نئی دہلی// سپریم کورٹ نےجمعرات کو مہاراشٹر حکومت کو ہدایت دی کہ سابق ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ پر مہاراشٹر میں درج سبھی مقدمے مرکزی جانچ بیورو(سی بی آئی ) کو منتقل کئے جائیں۔
جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم ایم سندریش کی بینچ نے متعلقہ فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد پرم بیر سنگھ پر درج پانچوں ایف آئی آر کو مرکزی جانچ ایجنسی کو منتقل کرنے کی مہاراشٹر حکومت کو ہدایت دی ہے۔ بینچ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ سابق پولیس کمشنر سنگھ سے منسلک معاملوں کے سبھی دستاویز ایک ہفتے کے اندر سی بی آئی کو مہیا کرادے۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا،’’ہمارا خیال ہے کہ ریاست کو جانچ کرانے کی پیش کش کرنی چاہئے تھی۔
سابق پولیس افسر نے بامبے ہائی کورٹ سے راحت نہ ملنے کے بعد سپریم کورٹ کا رخ کیاتھا۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے اپنے خلاف درج سبھی مجرمانہ معاملے سی بی آئی کو منتقل کرنے کی ہدایت ریاستی حکومت کو دینے کی اپیل کی تھی۔انڈین پولیس سروس کے 1988 کے بیچ کے سابق افسر نے گرفتاری سے راحت کی بھی اپیل کی تھی۔عدالت نے ان کی گرفتاری پر روک لگائی تھی۔
(یواین آئی)